وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کی جانب سے پاکستانی ایف ایم ریڈیو اسٹیشنوں پر بھارتی گانے نشر کرنے پر پابندی کے فیصلے کو سراہا ہے۔
وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پی بی اے کے سیکریٹری جنرل شکیل مسعود کو خط لکھا ہے جس میں تیزی سے بدلتی ہوئی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ’ پی بی اے کے اصولی فیصلے’ کی تعریف کی گئی۔
خط میں لکھا تھا،’ یہ محب وطن اقدام انتہائی قابل ستائش ہے اور پوری قوم کے اجتماعی جذبات کی عکاسی کرتا ہے، اس اقدام سے پی بی اے کی جانب سے قومی یکجہتی کے مضبوط احساس کا مظاہرہ ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ میں پی بی اے کے ازخود کیے گئے اقدام کی تہہ دل سے تعریف کرتا ہوں جس نے قوم کے وقار اور خودمختاری کو قائم رکھا ، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم سب ایسے آزمائشی وقت میں قومی اتحاد کو فروغ دینے اور بنیادی اقدار کی حمایت کرنے میں متحد ہیں۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے ’ تمام میڈیا اسٹیک ہولڈرز کی ان کوششوں کو فخر کے ساتھ تسلیم کیا جو وہ قومی مفاد میں کام کرتے رہتے ہیں اور اتحاد، امن اور حب الوطنی کو فروغ دینے کی حکومتی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں ۔’.
پاکستانی ریڈیو پر بھارتی گانوں پر پابندی کا یہ اقدام بھارت کی جانب سے پاکستانی تفریحی چینلز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ماہرہ خان، ہانیہ عامر، علی ظفر اور دیگر کئی شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی عائد کرنے کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔





