سیالکوٹ: سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کیا جانے والا فالز فلیگ آپریشن کا پروپیگنڈا مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، بھارتی فوج کے اعلیٰ افسران خود اپنی غلطیوں اور ناکامیوں کا اعتراف کر چکے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بہادر سپوتوں نے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی ہے، اور سرحدی علاقوں میں بسنے والے عوام مودی کی انتہا پسند سوچ کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن چکے ہیں۔ سیالکوٹ شہر دشمن کے ناپاک ارادوں کے آگے پہلی رکاوٹ ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ستر ہزار جانوں کی قربانی دے کر ملک میں امن قائم کیا، اور ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف مؤقف اپنایا ہے۔
فردوس عاشق نے دعویٰ کیا کہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، اور بھارتی میڈیا نے اس واقعے پر خوشی کا اظہار کیا۔
سابق وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت میں ہونے والی دہشت گردی کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کی ہے، جبکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام کا واقعہ بھارتی ڈرامہ تھا جس کا مقصد پاکستان پر جھوٹے الزامات لگانا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : پاک فضائیہ دشمن کو دھول چٹانے کیلئے ہر دم تیار ہے
فردوس عاشق اعوان نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کا نوٹس لے، اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مودی سرکار کی پالیسیوں پر خاموشی اختیار کرنے کے بجائے مؤثر ردعمل دیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے، مگر پاکستان اپنی زرعی طاقت سے دنیا بھر میں اجناس ایکسپورٹ کرتا ہے۔