کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے بطور آئی جی اسلام آباد عہدے کا چارج سنبھال لیا

Pakistan SCO Summit 2026

اسلام آباد: کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے بطور انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا ہے۔

کیپٹن محمد سہیل چوہدری کی سینٹرل پولیس آفس آمد پر پولیس افسران اور جوانوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔

سینٹرل پولیس آفس میں کمان کی تبدیلی کے حوالے سے پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے بعد کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے باضابطہ طور پر آئی جی اسلام آباد کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

عہدہ سنبھالنے کے بعد آئی جی اسلام آباد نے پولیس افسران سے تعارفی ملاقاتیں کیں اور پیشہ ورانہ امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی۔

بعد ازاں کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور اسلام آباد پولیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔

اس موقع پر آئی جی اسلام آباد کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے اپنی ترجیحات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں امن و امان کا قیام اور شہریوں کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بروقت اور مؤثر پولیس سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : گریڈ20کےپولیس افسرکیپٹن(ر)سہیل چودھری نئےآئی جی اسلام آبادتعینات

کیپٹن محمد سہیل چوہدری کا کہنا تھا کہ میرٹ، شفافیت اور قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ فورس کے پیشہ ورانہ معیار کو بھی بلند کیا جائے گا۔

آئی جی اسلام آباد نے افسران اور جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ رویے کا مظاہرہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط کیا جائے گا، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے پولیسنگ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی سہولیات میں مزید بہتری لائی جائے گی، جبکہ پولیس میں احتساب اور نظم و ضبط کے نظام کو بھی مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top