ضلعی انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے دوران دتہ خیل سے میرانشاہ، اور میرانشاہ سے رزمک تک تمام تر آمد و رفت معطل ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اُٹھایا گیا ہے تاکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کیا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کرفیو کے دوران دتہ خیل سے میرانشاہ، اور میرانشاہ سے رزمک تک تمام تر آمد و رفت معطل ہو گی۔ اسی طرح، میرانشاہ سے میر علی اور میر علی سے بنوں تک مرکزی شاہراہوں پر بھی آمد و رفت پر پابندی ہوگی۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس دوران علاقے میں کسی بھی قسم کی غیر ضروری نقل و حرکت پر سختی سے نظر رکھی جائے گی اور کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس وقت سکیورٹی فورسز اور انتظامیہ علاقے کی نگرانی اور پٹرولنگ کے عمل کو مزید سخت کر رہے ہیں۔
یہ فیصلہ سکیورٹی اداروں کی رپورٹوں اور مقامی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔