پی ایم ڈی سی کی ڈاکٹرز، میڈیکل گریجویٹس اور طلبہ کو خدمات کے نام پر پیسے بٹورنے والوں سے محتاط رہنے کی ہدایت !

طبی شعبے میں شفافیت، میرٹ اور طلبہ و ڈاکٹرز کے مفادات کے تحفظ کے لیے سرگرمِ عمل ریاستی ادارے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ڈاکٹرز، میڈیکل گریجویٹس اور میڈیکل طلبہ کو فراڈ اور دھوکہ دہی میں ملوث عناصر سے خبردار کر دیا ہے۔ 

پی ایم ڈی سی نے واضح ہدایت جاری کی ہے کہ خدمات، رجسٹریشن یا امتحانی نتائج کے نام پر پیسے بٹورنے والے جعلسازوں سے مکمل محتاط رہا جائے اور تمام معلومات و امور کی تصدیق صرف ادارے کے سرکاری پلیٹ فارمز سے کی جائے۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کی جانب سے جاری کردہ انتباہ کے مطابق ڈاکٹرز، میڈیکل گریجویٹس اور طلبہ کو ان عناصر سے خبردار کیا گیا ہے جو پی ایم ڈی سی سے متعلق خدمات کے نام پر لوگوں سے پیسے بٹورنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ہدایت میں کہا گیا ہے کہ رجسٹریشن اور امتحانی نتائج دلوانے کے نام پر رقم مانگنے والے افراد سے سختی سے محتاط رہا جائے، اور پی ایم ڈی سی سے متعلق ہر قسم کی معلومات صرف سرکاری پلیٹ فارمز سے ہی حاصل کی جائیں۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق تمام متعلقہ امور کی تصدیق صرف ادارے کے سرکاری ذرائع سے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ این آر ای (NRE) اور این ای بی (NEB) امتحانات سے متعلق پھیلائی جانے والی جعلی معلومات سے ہوشیار رہنے پر زور دیا گیا ہے۔

ادارے نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی جعلی دعوے یا غیر حقیقی یقین دہانی پر ہرگز اعتماد نہ کیا جائے۔

مزید برآں پی ایم ڈی سی نے ڈاکٹرز اور میڈیکل طلبہ کو تاکید کی ہے کہ وہ غیر مجاز افراد کو کسی بھی قسم کی رقم ادا نہ کریں  اور اپنی ذاتی دستاویزات کے ساتھ ساتھ بینک یا دیگر اکاؤنٹ کی معلومات بھی ہرگز غیر مجاز افراد سے شیئر نہ کریں تاکہ مالی اور قانونی نقصان سے محفوظ رہا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : واشنگٹن عدالت کا بڑا فیصلہ، داعش کا پروپیگنڈا پھیلانے والے ملزم امریکی شہری کو 15 سال قید کی سزا!

طبی اور سماجی حلقوں نے پی ایم ڈی سی کی اس بروقت آگاہی مہم اور تنبیہ کو طلبہ و ڈاکٹرز کے تحفظ کے لیے ایک مثبت اور ذمہ دارانہ اقدام قرار دیا ہے۔

Scroll to Top