دہشت گردی، شدت پسندی اور ڈیجیٹل پروپیگنڈے کے خلاف عالمی سطح پر جاری سخت قانونی کارروائیوں کے سلسلے میں واشنگٹن سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں شدت پسند تنظیم داعش کی حمایت، پروپیگنڈا پھیلانے اور وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی سے جھوٹ بولنے کے جرم میں 30 سالہ امریکی شہری انس سعد کو 15 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق عدالت نے مجرم کو سزا کی تکمیل کے بعد بھی تاحیات نگرانی میں رکھنے کا حکم دیا ہے جبکہ ملزم نے داعش کے حق میں مواد تیار کرنے، آن لائن رابطوں اور ہتھیاروں سے متعلق معلومات چھپانے کا اعتراف کر لیا ہے۔
امریکی محکمہ انصاف نے اس مقدمے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 30 سالہ انس سعد کو شدت پسند تنظیم داعش کی دہشت گردانہ سرگرمیوں میں معاونت چھپانے، تنظیم کے حق میں پروپیگنڈا کرنے اور وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کو گمراہ کرنے کے الزامات کے تحت سزا سنائی گئی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق دورانِ تفتیش اور عدالتی کارروائی میں انس سعد نے داعش کے حق میں ویڈیوز اور پوسٹرز تیار کرنے کا اعتراف کیا۔
حکام نے بتایا کہ ملزم سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے داعش کا پروپیگنڈا پھیلاتا رہا جبکہ میسجنگ ایپ ٹیلی گرام پر داعش کے حامیوں سے مسلسل رابطوں اور ان سے مشاورت میں بھی ملوث رہا۔
محکمہ انصاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انس سعد نے اپنی تیار کردہ پروپیگنڈا ویڈیوز داعش سے وابستہ ایک میڈیا ادارے کو بھی ارسال کیں جن کے ذریعے دہشت گرد تنظیم کے نظریات اور سرگرمیوں کی تشہیر کی جا رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : چارسدہ تھانہ تنگی کی حدود میں مسلح افراد کی فائرنگ :ڈیوٹی پر مامور پولیس باپ بیٹا شہید!
حکام کا مزید کہنا ہے کہ ملزم نے تفتیش کے دوران ایف بی آئی سے ہتھیار سے متعلق اہم معلومات چھپانے اور تحقیقاتی ادارے سے جھوٹ بولنے کا بھی اعتراف کیا۔
عدالتی فیصلے کے تحت انس سعد کو مجموعی طور پر 15 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے اور یہ واضح کیا گیا ہے کہ قید کی مدت پوری ہونے کے بعد بھی اسے تاحیات نگرانی میں رکھا جائے گا۔





