جاتی امراء میں نواز شریف اور وزیراعظم کی اہم ملاقات، پاک بھارت کشیدگی کے باعث ملائیشیا دورہ ملتوی ہونے کا امکان

جاتی امراء میں نواز شریف اور وزیراعظم کی اہم ملاقات، پاک بھارت کشیدگی کے باعث ملائیشیا دورہ ملتوی ہونے کا امکان

موجودہ ملکی و علاقائی تناؤ، بالخصوص سکیورٹی خدشات کے باعث وزیراعظم کا ملائیشیا کا دورہ موخر کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطا بق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا آئندہ ہفتے ہونے والا دو روزہ دورۂ ملائیشیا ملتوی کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی 8 اور 9 مئی کو کوالالمپور میں اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں طے تھیں، تاہم پاک بھارت کشیدگی اور خطے میں بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال کے پیش نظر یہ دورہ معطل کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ ملکی و علاقائی تناؤ، بالخصوص سکیورٹی خدشات کے باعث وزیراعظم کا ملائیشیا کا دورہ موخر کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اہم سفارتی سرگرمیوں کی موجودگی کے باوجود حکومت ممکنہ خطرات کے تناظر میں محتاط حکمت عملی اپنا رہی ہے۔

ادھر وزیراعظم شہباز شریف کی جاتی امراء میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے اہم ملاقات جاری ہے، جس میں سیاسی، سفارتی اور سکیورٹی امور پر تفصیلی مشاورت کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی داخلی حالات، علاقائی تناؤ، اور ممکنہ پالیسی اقدامات پر بھی گفتگو کی جا رہی ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے بیرونِ ملک دورے ملکی مفادات اور سکیورٹی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیے جاتے ہیں، اور کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں شیڈول میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔

Scroll to Top