نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں خطے کی حالیہ صورتحال، بھارت کے اشتعال انگیز اقدامات اور پاک روس تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے اپنے روسی ہم منصب کو بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے غیر قانونی اقدام پر پاکستان کی گہری تشویش سے آگاہ کیا۔
نائب وزیراعظم نے بھارت کے بے بنیاد الزامات اور اشتعال انگیز بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بین الاقوامی قوانین اور ذمہ داریوں کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن، استحکام اور ذمہ دار سفارت کاری کے اصولوں پر کاربند ہے، اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔
اسحاق ڈار نے حالیہ واقعات کی شفاف، بین الاقوامی اور غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش بھی دہرائی،
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ کشیدگی کم کرنے اور معاملات کو سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت سفارتی محاذ پر تنہائی کا شکار، روس نے بھی پاکستان سے بات چیت کا مشورہ دے دیا
انہوں نے دونوں ممالک کو تحمل کا مظاہرہ کرنے اور کسی بھی قسم کے تصادم سے گریز کرنے کی تلقین کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاک روس دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔





