بہاولپور: بھارت کے حالیہ فالس فلیگ ڈرامے اور پاکستان مخالف پراپیگنڈے کے خلاف بہاولپور میں ایک عظیم الشان استحکامِ پاکستان ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد قومی یکجہتی کو فروغ دینا، افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کے خلاف بھرپور عوامی ردعمل دینا تھا۔
یہ ریلی فرید گیٹ سے شروع ہو کر ختم نبوت چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں سیاسی و سماجی شخصیات، تاجر برادری، طلباء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
شرکاء نے قومی پرچم، بینرز اور افواج پاکستان سے اظہار محبت کے پوسٹرز اٹھا رکھے تھے، جب کہ پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد اور بھارت کا پروپیگنڈہ نامنظور جیسے نعرے گونجتے رہے۔
ریلی کے شرکاء نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم ہر محاذ پر متحد، بیدار اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
اگر بھارت نے کسی قسم کی مہم جوئی کی تو پاکستانی عوام افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار بن کر وطن کا دفاع کرے گی۔
شرکاء نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد، اشتعال انگیز اور جنگی جنون پر مبنی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے داخلی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے فالس فلیگ ڈرامے رچا رہا ہے، مگر پاکستانی قوم ان حربوں کو بخوبی سمجھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بھارتی پروپیگنڈے کا توڑ: صحافیوں کو مریدکے و بہاولپور میں زمینی حقائق سے آگاہ کیا جائے گا
ریلی کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی اور قومی استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جس میں ملک کے دفاع اور افواجِ پاکستان کی کامیابی کے لیے اجتماعی دعا مانگی گئی۔ ریلی نے واضح پیغام دیا کہ پاکستانی قوم ہر آزمائش میں متحد ہے اور دشمن کے کسی بھی وار کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔





