توہین عدالت کی درخواست 25مئی 2022کولانگ مارچ مقررہ مقام کے بجائے ڈی چوک تک آنے پر دائر کی گئی تھی ۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے بانی تحریک انصاف کیخلاف توہین عدالت کیس کو ریگولر بینچ کو بھجوانے کا حکم دے دیا ہے۔یہ فیصلہ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی آئینی بینچ نے کیا، جس نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ ’’کیا یہ کیس ہمارے پاس چلے گا؟ کیا یہ ریگولر بینچ کا کیس نہیں؟
سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کیس میں کوئی آئینی نکتہ شامل نہیں، لہٰذا اسے آئینی بینچ کے بجائے ریگولر بینچ کو سننا چاہیے۔عدالت نے تمام فریقین کے مؤقف سننے کے بعد کیس کو ریگولر بینچ کو منتقل کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔
واضح رہے کہ یہ توہین عدالت کی درخواست وفاقی حکومت کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جو 25 مئی 2022ء کو لانگ مارچ کے دوران طے شدہ مقام کے بجائے ڈی چوک تک پہنچنے پر دائر کی گئی تھی۔





