بندشوں کے نتیجے میں صرف ایک دن میں 430 پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جس سے ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر فلائٹ آپریشنز پر اثرات نمایاں ہونے لگے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں مزید 16 ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا ہے، جس کے بعد بند کیے گئے ایئرپورٹس کی مجموعی تعداد 27 تک جا پہنچی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان بندشوں کے نتیجے میں صرف ایک دن میں 430 پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جس سے ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بند کیے گئے ایئرپورٹس میں امرتسر، جموں، شملہ، بھوج، راجکوٹ، جیسلمیر، جودھپور، چندی گڑھ، پٹھان کوٹ، بھٹنڈا، دھرم شالہ، پور بندر، جام نگر، سری نگر، لیہہ، تھیوس، پٹیالہ، ہلوارا، گگال، بھونتار، کشن گڑھ، بیکانیر، گوالیار، مندرا، کنڈالا، کیشود، لدھیانہ اور ہندون شامل ہیں۔
بھارتی حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ 10 مئی تک نافذ العمل رہے گا، جب کہ مزید ایئرپورٹس کی بندش کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ان اقدامات کو ماہرین بھارت کی اندرونی سکیورٹی صورتحال اور بیرونی خطرات سے جوڑ رہے ہیں۔
مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ ایئرلائنز سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ پروازوں سے متعلق تازہ ترین معلومات حاصل کر سکیں۔





