آئی ایس پی آر کے مطابق افواجِ پاکستان نے اب تک اسرائیلی ساختہ 25 ہیروپ ڈرونز کو سافٹ کِل (ٹیکنیکل طریقوں) اور ہارڈ کِل (براہِ راست فائر پاور) کے ذریعے تباہ کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کو کی جانے والی بزدلانہ کارروائیوں کے بعد، جس میں بھارت کو اپنے 5 جدید لڑاکا طیاروں، ڈرونز، متعدد پوسٹوں کی تباہی اور اہلکاروں کی ہلاکتوں کا سامنا کرنا پڑا، دشمن مکمل بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے۔
ترجمان کے مطابق بھارت اب اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کے ذریعے پاکستان کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنانے کی ناکام کوششیں کر رہا ہے، جو اس کی گھبراہٹ اور جنگی عزائم کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھی بھارتی فورسز کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے، اور دشمن کی ہر مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے۔ پاکستان کے مختلف علاقوں سے تباہ شدہ ہیروپ ڈرونز کا ملبہ بھی اکٹھا کیا جا رہا ہے، جو بھارتی جارحیت کے ناقابلِ تردید شواہد فراہم کر رہا ہے۔
بیان کے مطابق افواجِ پاکستان ملک کی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو مسلسل ناکام بنا رہی ہیں۔





