امریکا کا پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ میں مداخلت نہ کرنے کا اعلان

امریکا کا پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ میں مداخلت نہ کرنے کا اعلان

امریکا نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ میں مداخلت نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایسی جنگ میں اس کا کوئی سروکار نہیں۔ نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے دونوں ممالک سے کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی اور ایٹمی جنگ کے خطرے پر تشویش ظاہر کی۔

نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی پر امریکا کا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایسی جنگ میں مداخلت نہیں کرے گا جس سے اس کا کوئی تعلق نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے حملہ کیا اور پاکستان نے جواب دیا لیکن پاک بھارت تنازع کو جلد حل ہونا چاہیے، امریکا کو دونوں ممالک کی کشیدگی پر تشویش ہے اور وہ ان دونوں ممالک سے کشیدگی میں کمی کی اپیل کر رہا ہے۔

جے ڈی وینس نے مزید کہا کہ جنگ کو کنٹرول کرنا امریکا کا کام نہیں ہے اور نہ ہی بھارت کو ہتھیار ڈالنے کا کہا جا سکتا ہے نہ پاکستان سے اس طرح کا مطالبہ کیا جا سکتا ہے، تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تنازع ایٹمی جنگ میں نہیں بدلے گا اور دونوں ممالک کو ٹھنڈے دماغ سے سوچنا چاہیے کیونکہ ایٹمی طاقتوں کا آپس میں ٹکراؤ ہمیشہ تشویشناک ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کھوئی رٹہ آزاد کشمیر میں بھارتی فوج کی گولہ باری، 4 افراد شہید، 12 زخمی

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا کہ امریکا نے بھارت اور پاکستان سے تصادم بند کرنے کی اپیل کی ہے اور دونوں ممالک میں براہ راست رابطوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کشمیر میں ہونے والے حالات کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک سے امن کی کوششوں کو مزید بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

Scroll to Top