اسلام آباد: بھارتی جارحیت کے بعد پاکستان نے حفاظتی اقدامات کے تحت اپنی فضائی حدود کو ہر قسم کی پروازوں کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق یہ بندش آج صبح 3:15 سے دوپہر 12:00 بجے تک جاری رہے گی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے رات گئے ایک اہم پریس بریفنگ میں بتایا کہ بھارت نے پاکستان میں تین ایئربیسز — نورخان ایئربیس، مرید بیس اور شورکوٹ بیس — کو میزائلوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے فضا سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے جن میں سے کچھ ایئربیسز کے قریب گرے، تاہم ان سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے جدید ائیر ڈیفنس سسٹم نے ان میزائلوں کی بڑی تعداد کو فضا میں ہی تباہ کر دیا، اور پاک فضائیہ کے تمام اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں ائیر ڈیفنس سسٹم نے بھارتی میزائل حملے ناکام بنا دیے، پاک فوج کے پاس تمام شواہد موجود ہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی میزائل حملوں کے بعد فضائی حدود کو بند کرنا ایک حفاظتی قدم تھا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔ پاکستانی افواج مکمل الرٹ ہیں اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔





