کرم سیکٹر میں افغان طالبان کی بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی

کرم سیکٹر میں افغان طالبان کی جانب سے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مبینہ طور پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی، جس میں پاکستانی سول آبادی اور فوجی چوکیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغانستان کے صوبوں ننگرہار اور پکتیا میں موجود افغان طالبان کی پوسٹوں سے پاکستانی سرحدی چوکیوں اور سول آبادی پر فائرنگ کی گئی۔ افغان طالبان نے بھاری ہتھیاروں، مارٹرز اور دیگر اسلحے کا استعمال کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کا فوری اور مؤثر جواب دیا۔ جوابی کارروائی میں افغان طالبان کی متعدد سرحدی پوسٹوں، مارٹر پوزیشنز اور دفاعی چوکیوں کو چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سمیت توپ خانے سے نشانہ بنایا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شدید جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان کی متعدد پوسٹیں خالی ہوگئیں اور وہاں موجود اہلکار مبینہ طور پر پسپائی پر مجبور ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحدی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کسی بھی مزید اشتعال انگیزی کا فوری اور مؤثر جواب دینے کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔

Scroll to Top