پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی رافیل طیارے کو گرانے کو پاک فضائیہ کی مہارت کا جیتا جاگتا ثبوت قرار دیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کے 300 ملین ڈالر کے جہاز کو پاکستانی فضائیہ کے 30 ملین ڈالر کے طیارے نے ملبہ بنا دیا، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کی عسکری مہارت کا ایک اور مظاہرہ ہوا ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عالمی میڈیا اور ایوی ایشن انڈسٹری نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بھارتی رافیل طیارے پاکستان کے فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد گر گئے، اور پاکستان کی فضائیہ نے اپنے جنگی طیارے سے بھارتی طیارے کو تباہ کیا۔
انہوں نے اس کارروائی کو پاکستان کی فضائیہ کی انتہائی مہارت اور سلیقے سے کیا گیا حملہ قرار دیا۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ یہ ایک واضح پیغام تھا کہ پاکستان کی فضائیہ کسی بھی بھارتی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے بھارتی جہاز رافیل گرا کر دنیا کوحیران و پریشان کردیا ،برطانوی اخبار
خواجہ آصف نے بھارت کے ساتھ بات چیت کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کے لیے بھارت کے ساتھ کسی بھی مذاکرات میں چند اہم نکات شامل ہوں گے، جن میں سندھ طاس معاہدہ بھی شامل ہوگا۔
انہوں نے اس بات کی وضاحت کی کہ بھارت کے لیے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے اور پاکستان اس معاہدے کے تحفظ کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔





