امریکا اور چین کے درمیان تجارتی معاہدہ ہوگیا

جنیوا: سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں جاری تجارتی مذاکرات میں اہم پیشرفت کے بعد امریکا اور چین کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان اس معاہدے کو عالمی سطح پر ایک بڑی اقتصادی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق اس مذاکرات میں امریکی نائب صدر، دو وزراء اور سفیر نے شرکت کی۔ مذاکرات کے نتائج کے حوالے سے امریکی صدر کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے اس معاہدے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ مذاکرات میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے اور تجارتی معاہدے کی تفصیلات کل صبح جاری کی جائیں گی۔

امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریز نے کہا کہ اس معاہدے کے نتیجے میں تجارتی خسارے میں کمی آئے گی اور یہ امریکا کے 1.2 ٹریلین ڈالر کے تجارتی خسارے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : بھارتی جارحیت پر امریکہ کے بعد چین کا بھی ردعمل، خطے میں کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار

ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور عالمی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرے گا۔

Scroll to Top