افواج پاکستان کا بھارت کو منہ توڑ جواب، ’’آپریشن بُنیانٌ مَّرْصُوص‘‘ نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔
تفصیلات کے مطابق افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا ایسا منہ توڑ اور عملی جواب دیا ہے جس کی گونج نہ صرف سرحد پار سنائی دی بلکہ پوری دنیا نے پاکستان کی عسکری صلاحیت، قومی وحدت اور شہداء کی قربانیوں کو بھرپور انداز میں تسلیم کیا۔ ’’آپریشن بُنیانٌ مَّرْصُوص‘‘ کے تحت پاک فوج نے نہ صرف دشمن کی جارحیت کا جواب دیا بلکہ یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان امن پسند ضرور ہے، لیکن اپنے دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ’’افواجِ پاکستان نے جو کہا، وہ کر کے دکھایا‘‘۔ بانیانِ پاکستان کی قربانیوں کے امین سپاہی اور افسران نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا کہ وطن کی حرمت کی حفاظت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے قرآن کریم کی آیات کا حوالہ دیکر کہا تھا کہ اللہ کی مدد اور نصرت سے یہ کتنی مرتبہ ہوا کہ ایک چھوٹی طاقت نے بڑی طاقت کو شکست دی ۔اُن کا کہنا تھا کہ الحمدللہ! افواجِ پاکستان اور پاکستانی قوم نے ہمیشہ ہر جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پاکستان کے پاس مکمل اور مضبوط دفاعی صلاحیت موجود ہے۔ اُن کا دوٹوک مؤقف تھا کہ ’’ملکی سالمیت کا دفاع کیسے کرنا ہے، یہ ہم بخوبی جانتے ہیں‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی 13 لاکھ افواج اور جدید اسلحہ ہمیں نہ پہلے ڈرا سکا، نہ آج ڈرا سکتا ہے۔ ہمارے بزرگوں نے اس ملک کے لیے خون بہایا ہے اور ہم اس کی حفاظت کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
دفاعی ماہرین نے بھی اس آپریشن کو پاکستان کی عسکری تاریخ کا روشن باب قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کے خلاف جارحیت کا سوچنے والے بھی انجام کا تصور کر لیں۔ دشمن کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کے بجائے، پاکستان نے ڈٹ کر جواب دیا، اور دنیا نے اعتراف کیا کہ افواجِ پاکستان دنیا کی بہترین اور نظریاتی افواج میں سے ایک ہے۔
’’آپریشن بُنیانٌ مَّرْصُوص‘‘ محض ایک عسکری کارروائی نہیں، بلکہ قوم کے عزم، اتحاد اور غیرت کی عملی تصویر ہے۔ یہ اس پیغام کا اعادہ ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور کوئی بھی طاقت وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی۔





