پاکستان نے بھارت کی جانب سے کی گئی جارحیت، فالس فلیگ آپریشن اور جھوٹے دعوؤں کو بے نقاب کرتے ہوئے ڈوزیئر جاری کر دیا ہے جس میں ناقابل تردید شواہد اور حقائق پر مبنی تفصیلات شامل ہیں۔
ڈوزیئر میں پاکستان کے دفاعی آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی کامیابی، بھارت کی جانب سے کیے گئے فالس فلیگ آپریشن پہلگام واقعہ اور جارحانہ عزائم کو بے نقاب کیا گیا ہے۔
دستاویز میں سیٹلائٹ تصاویر، بین الاقوامی میڈیا رپورٹس اور بھارتی میڈیا و را سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی پاکستان مخالف منظم مہم کے ناقابل تردید شواہد شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلگام فالس فلیگ کے فوری بعد بھارتی میڈیا نے گمراہ کن خبریں پھیلائیں اور ایک منظم پروپیگنڈا کے ذریعے جنگی ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی۔
ڈوزیئر میں ان تمام جھوٹے بیانیوں کو ثبوتوں سمیت بے نقاب کیا گیا ہے، بین الاقوامی میڈیا اور بعض بھارتی سیاستدانوں نے بھی ان دعوؤں پر سوالات اٹھائے۔
ڈوزیئر کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ امن کا علمبردار رہتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے بھارت کو مخلصانہ پیشکش کی تاہم بھارتی جارحیت کے نتیجے میں کئی معصوم پاکستانی شہری، بچے اور خواتین شہید ہوئے۔
پاکستان نے اپنے دفاع میں آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا جس میں صرف ان بھارتی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا جہاں سے نہتے شہریوں پر حملے کیے گئے تھے اور اس آپریشن نے بھارت کو دھول چٹا دی اور اس کے عزائم کو ناکام بنا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا، ابرِ رحمت نے موسم خوشگوار بنا دیا
ڈوزیئر میں بھارتی نقصانات کی تفصیلات بھی شواہد کے ساتھ پیش کی گئی ہیں جب کہ پاکستان کی جانب سے سفارتی محاذ پر بھی بھارتی بیانیے کو بھرپور طریقے سے مسترد کیا گیا ہے۔
سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان نے سچائی اور حقائق پر مبنی شواہد کے ذریعے بھارتی جھوٹ اور پروپیگنڈے کو زمین بوس کر دیا ہے۔





