پیپلز پارٹی اور تانگہ پارٹیاں تحریک چلانے سے پہلے عوامی حمایت ثابت کریں، بیرسٹر سیف

ضلع کرم میں قیامِ امن علی امین گنڈاپور کی کاوشوں کا نتیجہ ہے، بیرسٹر سیف

بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کی قیادت اور کوششوں کے نتیجے میں ضلع کرم میں امن قائم ہو چکا ہے، اور علاقے کو مسلح تصادم سے پاک کر کے ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بتایا کہ حالیہ کارروائیوں میں علاقے کو بنکروں اور بھاری اسلحہ سے مکمل طور پر پاک کر دیا گیا ہے۔ ’’دونوں فریقین کے مجموعی طور پر 979 بنکرز تباہ کیے گئے ہیں، جب کہ 86 دیہات کو غیر مسلح کر کے وہاں سے اسلحہ اور گولہ بارود سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے۔‘‘ ان کے مطابق فریقین کے مابین کشیدگی کی بنیادی وجہ یہی بنکرز اور اسلحہ تھا، جس کا مؤثر تدارک کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کشیدہ حالات کے دوران ذاتی سطح پر دلچسپی لیتے ہوئے اپنا سرکاری ہیلی کاپٹر امدادی سرگرمیوں کے لیے مختص کیا۔ ’’ہیلی کاپٹر کی 338 پروازوں کے ذریعے 29,140 کلوگرام ادویات متاثرہ علاقوں تک پہنچائی گئیں، جبکہ مریضوں سمیت 9,290 افراد کو محفوظ مقامات، خصوصاً پشاور، منتقل کیا گیا۔‘‘

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ اب علاقے میں تعمیر و ترقی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ’’ٹل-پاراچنار روڈ کی مرمت کے لیے 10 کروڑ روپے کی منظوری دی جا چکی ہے، جبکہ 9.6 ارب روپے کی لاگت سے سڑک کی توسیع کا منصوبہ بھی زیر عمل ہے۔‘‘

انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ بازاروں کی تزئین و آرائش کے لیے 728 ملین روپے کے منصوبے پر کام ہو رہا ہے، جس میں سے 300 ملین سے زائد رقم پہلے ہی خرچ کی جا چکی ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے یقین دہانی کرائی کہ خیبرپختونخوا حکومت علاقائی امن، ترقی اور عوامی فلاح کو اپنی ترجیح بنائے ہوئے ہے، اور کرم میں ہونے والی پیشرفت اس کا عملی ثبوت ہے۔

Scroll to Top