خیبرپختونخوا کا بجٹ عیدالاضحیٰ کے بعد پیش ہونے کا امکان، حجم ساڑھے 1900 ارب تک متوقع

خیبرپختونخوا کا بجٹ عیدالاضحیٰ کے بعد پیش ہونے کا امکان، حجم ساڑھے 1900 ارب تک متوقع

کے پی حکومت کا آئندہ مالی سال 2025-26 کا بجٹ عیدالاضحیٰ کے بعد پیش کیے جانے کا امکان ، مزمل اسلم کے مطابق صوبائی بجٹ کا مجموعی حجم ساڑھے 1900 ارب روپے تک ہو سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ آئندہ بجٹ میں ترقیاتی پروگرام کے لیے 165 سے 175 ارب روپے مختص کیے جانے کی تجویز ہے۔ تاہم ضم شدہ اضلاع کے لیے سالانہ ترقیاتی بجٹ وفاقی حکومت کی نشاندہی کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔

مزمل اسلم نے واضح کیا کہ آئندہ مالی سال میں کوئی نیا میگا پراجیکٹ شامل نہیں کیا جا رہا، بلکہ جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کو ترجیح دی جائے گی تاکہ ترقیاتی تسلسل کو برقرار رکھا جا سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بجٹ میں ایکسپورٹ پر 2 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، جس پر مختلف اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے۔ اس تجویز کا مقصد برآمدات میں شفافیت اور مالی وسائل میں اضافہ کرنا ہے۔

ادھر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بھی بجٹ کے لیے اپنی سفارشات تیار کر لی ہیں، جنہیں جلد صوبائی حکومت کو پیش کیا جائے گا۔ کاروباری برادری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ برآمدات کو فروغ دینے اور مقامی صنعتوں کو مزید سہولتیں فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

ذرائع کے مطابق صوبائی بجٹ سے متعلق حتمی فیصلے عیدالاضحیٰ کے بعد متوقع بجٹ اجلاس میں مشاورت کے بعد کیے جائیں گے۔

Scroll to Top