آندھی اور طوفانی بارش کی وجہ سے اسلام آباد سمیت کئی علاقوں میں بجلی منقطع

آندھی اور طوفانی بارش کی وجہ سے اسلام آباد سمیت کئی علاقوں میں بجلی منقطع

ملک کے مختلف حصوں میں آندھی، طوفانی بارش اور ژالہ باری کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہو گیا، جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور طوفانی بارش کے باعث متعدد علاقوں کی بجلی بند ہو گئی، جب کہ قائداعظم یونیورسٹی کی کینٹین کا شیڈ تیز ہوا کے باعث زمین بوس ہو گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے ڈی سی اسلام آباد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو فیلڈ میں رہنے اور نشیبی علاقوں، نالوں اور زیر تعمیر عمارات کی نگرانی کی ہدایات جاری کر دیں۔

ڈی سی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کے ساتھ رابطہ رکھ کر ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے شہر مینگورہ (سوات) میں ژالہ باری اور موسلادھار بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔ پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا، جب کہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو گئی۔

ادھر راولپنڈی، ہری پور، خان پور، ایبٹ آباد، لوئر دیر، بونیر، صوابی، مانسہرہ، ٹیکسلا اور نوشہرہ سمیت کئی علاقوں میں آندھی اور طوفانی ہواؤں کے سبب بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں اور آندھی کی پیش گوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ عوام کو بھی غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

Scroll to Top