خیبرپختونخوا حکومت کا مستحق فنکاروں کیلئے امدادی پیکج کا اعلان

خیبرپختونخوا حکومت کا مستحق فنکاروں کیلئے امدادی پیکج کا اعلان

خیبرپختونخوا حکومت نے مستحق فنکاروں کے لیے مالی امداد کی فراہمی کا فیصلہ کرتے ہوئے جلد چیکس جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ محکمہ ثقافت و سیاحت کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ فنکاروں کے لیے مختص فنڈز محفوظ ہیں اور امدادی چیکس کی تیاری مکمل ہو چکی ہے۔

یہ اعلان اُس وقت سامنے آیا جب مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے ثقافتی ونگ کی صدر سعیدہ خان کی قیادت میں فنکاروں کا ایک نمائندہ وفد ڈائریکٹر جنرل کلچر اینڈ ٹورازم خیبرپختونخوا حبیب اللہ عارف سے ان کے دفتر میں

ملاقات کے لیے پہنچا۔ وفد میں صدارتی ایوارڈ یافتہ فنکارہ نوشابہ بی بی، نائب صدر ظاہر شاہ، اداکارہ چاہت نور، حبیب تہکالے، سرور چاچا، نور الرحمان، شوکت، سجاد خلیل سمیت کئی نامور فنکار شامل تھے۔

سعیدہ خان نے ملاقات کے دوران ڈی جی کلچر کو آگاہ کیا کہ فنکاروں کی مالی مشکلات کے پیش نظر 9 ماہ قبل امداد کی درخواستیں جمع کرائی گئی تھیں، لیکن ابھی تک ان پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر بجٹ سے قبل فنڈز جاری نہ کیے گئے تو یہ رقم واپس ہو سکتی ہے، جس سے ان فنکاروں کی امیدیں دم توڑ جائیں گی جو پہلے ہی شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔

جواباً ڈی جی کلچر حبیب اللہ عارف نے وفد کو یقین دلایا کہ تمام فنکاروں کے لیے مختص فنڈز منظور ہو چکے ہیں اور چیکس بھی تیار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 50 مستحق فنکاروں کو چیکس دیے جائیں گے، جب کہ اگلے مرحلے میں نشتر ہال میں ایک خصوصی تقریب منعقد کر کے مزید فنکاروں کو امداد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور خود فنکاروں کو چیکس تقسیم کریں گے۔

ڈی جی کلچر نے واضح کیا کہ فنڈز محفوظ ہیں اور بجٹ پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑے گا، فنکاروں کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

Scroll to Top