عیدالاضحی پر ہوائی فائرنگ کرنے والے خاموش قاتل کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، آئی جی خیبرپختونخوا

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے عیدالاضحی کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبے بھر میں سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے عیدین کو اسلامی کلچر کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مواقع ہمیں بھائی چارے، رواداری اور خوشیاں بانٹنے کا درس دیتے ہیں لیکن کچھ لوگ ہوائی فائرنگ جیسے خطرناک عمل سے دوسروں کی خوشیاں اجاڑ دیتے ہیں، انہوں نے کہا ایسی حرکات کے مرتکب افراد خاموش قاتل ہیں اور ان کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی، کمیونٹی پولیسنگ کے تحت عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لے کر آگاہی مہم چلانے اور ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لیے جامع اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی۔

آئی جی پی نے عوام کو عید کے دوران محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے ریجنل اور ضلعی پولیس افسران کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام چھوٹی بڑی مویشی منڈیوں کے ارد گرد سیکیورٹی کو مؤثر بنایا جائے اور وہاں سادہ لباس میں پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں تاکہ جرائم پیشہ عناصر پر نظر رکھی جا سکے۔

آئی جی پی نے نمازِ عید کے اجتماعات سے قبل حساس علاقوں میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز شروع کرنے اور تمام اجتماعات کے لیے خصوصی سیکیورٹی پلان مرتب کرنے کا حکم دیا۔

بازاروں، مارکیٹوں اور بالخصوص خواتین کے خریداری مراکز میں سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے وہاں باوردی پولیس کے ساتھ ساتھ خواتین اہلکاروں کی بھی تعیناتی کا حکم دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی اور تانگہ پارٹیاں تحریک چلانے سے پہلے عوامی حمایت ثابت کریں، بیرسٹر سیف

عید سے قبل اور دوران ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے اضافی نفری تعینات کرنے، عوام کو شر پسند عناصر کے خلاف متحرک کرنے، اور ریسکیو 15 و فوری رسپانس یونٹس کو فعال کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے پولیس کو ہدایت دی کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں تاکہ عید کا یہ پُرمسرت موقع کسی غم میں نہ بدلے۔

Scroll to Top