کوہستان کرپشن اسکینڈل: بیرسٹر سیف الزامات کے بجائے ثبوت پیش کریں، عبدالجلیل جان

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) خیبر پختونخوا کے صوبائی ترجمان عبدالجلیل جان نے بیرسٹر سیف کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کوہستان اسکینڈل کی کمیٹی میں پیش ہو کر اپنے ثبوت پیش کریں۔

انہوں نے مشیر اطلاعات کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف پر بارہ سالہ کرپشن کے الزامات کو نگران حکومت کے ذمہ ڈالنے کا الزام عائد کیا۔

عبدالجلیل جان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے دور میں مختلف بڑے کرپشن اسکینڈلز سامنے آئے ہیں جن میں بی آر ٹی، مالم جبہ، بلین ٹریز، گندم سکینڈل اور صحت کارڈ غبن شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوہستان سکینڈل میں 40 ارب نہیں بلکہ 200 ارب روپے کی کرپشن ہوئی ہے اور اس کی براہ راست سماعت صوبائی اسمبلی میں اسپیکر کی صدارت میں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : شریف خاندان نے پرانی روش اپنا کر دھاندلی نہیں کھلم کھلا ’’دھاندلا ‘‘کیا ، بیرسٹر سیف کا الزام

انہوں نے مزید کہا کہ بیرسٹر سیف جے یو آئی یا دیگر جماعتوں پر الزام لگا کر اپنی پارٹی کی کرپشن کو چھپانے کی کوشش نہ کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بیرسٹر سیف پریس کانفرنس کے بجائے کمیٹی میں پیش ہو کر حقائق واضح کریں۔

عبدالجلیل جان نے کہا کہ بہت جلد تحریک انصاف کی پارٹی کی دیگر کرپشن بھی عوام کے سامنے لائی جائیں گی اور قومی خزانے سے جاری کردہ رقم کے غلط استعمال پر بھی کارروائی ہونی چاہیے۔

Scroll to Top