سرکل آفیسر اینٹی کرپشن سوات بیدار بخت نے سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال سیدوشریف میں ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے غیرمعیاری میٹ ریس (فوم) فراہم کرنے والے ٹھیکیدار کے خلاف فوری اقدام کیا۔ کارروائی کے دوران موقع پر 180 میٹ ریس قبضہ میں لے لیے گئے جو پی سی ون کے معیار کے مطابق نہیں تھے۔
یہ کارروائی ایک شہری ارباب نوید کی جانب سے ڈائریکٹوریٹ آف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ خیبرپختونخوا کو موصول ہونے والی شکایت پر عمل میں لائی گئی۔
شکایت میں الزام تھا کہ مذکورہ ٹھیکیدار نے پی سی ون کے مطابق میٹ ریس فراہم نہیں کیے بلکہ دیگر کمپنیوں کے غیرمعیاری میٹ ریس فراہم کیے جو کرپشن کے زمرے میں آتے ہیں۔
شکایت پر انکوائری کا آغاز اینٹی کرپشن ملاکنڈ ڈویژن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملک خان افسر خان کی سربراہی میں کیا گیا۔
تحقیقات میں الزامات درست ثابت ہوئے اور یہ بات واضح ہوئی کہ ٹھیکیدار نے دانستہ طور پر قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔
ٹھیکیدار کو ایک ہفتے کی مہلت دی گئی کہ وہ اپنی کوتاہی درست کرے اور ہسپتال کو پی سی ون کے مطابق معیاری 320 میٹ ریس فراہم کرے۔
واضح رہے کہ مقررہ مدت کے اندر اندر ٹھیکیدار نے معیار اور پی سی ون کے مطابق تمام میٹ ریس فراہم کر دیے۔ بعد ازاں کیس کو ڈائریکٹوریٹ آف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ خیبرپختونخوا کے حوالے کیا گیا تاکہ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں :عالمی و مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ
ڈائریکٹر اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے واضح پیغام دیا کہ سرکاری وسائل کے غلط استعمال، بدعنوانی اور غیرمعیاری سامان کی فراہمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس قسم کی شکایات پر فوری اور مؤثر کارروائی جاری رہے گی۔