اختلاف رائے کوئی مسئلہ نہیں، پی ٹی آئی متحد ہے، علی امین گنڈاپور

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا سابق فاٹا اور پاٹا پر ٹیکس نہ لگانے کا مطالبہ

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے وفاقی حکومت سے اپیل کی ہے کہ سابق فاٹا اور پاٹا پر ٹیکس لگانے سے گریز کیا جائے کیونکہ ان علاقوں کے عوام مالی طور پر ٹیکس ادا کرنے کے قابل نہیں ہیں۔

انہوں نے ضم شدہ اضلاع کے بے گھر افراد کے فنڈز جلد جاری کرنے اور این ایف سی میں ضم اضلاع کا حصہ صوبے کو منتقل کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

پشاور میں قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں اور ملکی دفاع و سالمیت کے لیے اتحاد کا ثبوت دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع دہشت گردی کی جنگ میں بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور ان میں وسیع سرمایہ کاری کی ضرورت ہے کیونکہ قبائلی عوام نے ملک کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ قبائلی عوام کے ساتھ کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں اور وفاقی حکومت ضم اضلاع کے بے گھر افراد کے فنڈز فوری جاری کرے۔

انہوں نے کہا کہ این ایف سی میں ضم اضلاع کا حصہ فوری طور پر صوبے کو دیا جائے اور کسی دوسرے صوبے کا حق طلب نہیں کیا جا رہا، بلکہ اپنا جائز حق دیا جائے۔

علی امین گنڈا پور نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ خیبرپختونخوا کے تمام بقایاجات، پن بجلی کے خالص منافع کے بقایاجات اور ٹوبیکو سیس میں کے پی کا حصہ پورا دیا جائے کیونکہ یہ صوبے کے عوام کا حق ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پیپلز پارٹی نے علی امین گنڈاپور کیخلاف مقدمہ درج کرانے کی درخواست دیدی

انہوں نے مزید کہا کہ ضم اضلاع میں تنازعات کے پائیدار حل کے لیے جرگہ سسٹم کو بحال کیا جائے اور افغانستان کے ساتھ مذاکرات میں خیبرپختونخوا کو شامل کیا جائے کیونکہ اس کے بغیر مذاکرات ادھورے رہیں گے۔

Scroll to Top