خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا تعلیمی اقدام،وزیراعلیٰ کا تعلیمی بجٹ بڑھانے کا اعلان

خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا تعلیمی اقدام،وزیراعلیٰ کا تعلیمی بجٹ بڑھانے کا اعلان

خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال صوبے کے تعلیمی بجٹ میں 13 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے، تاکہ تعلیم کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم کا معیار عالمی سطح کے مطابق لانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایک کالج کی تعمیر میں تاخیر پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ موجودہ مدت میں کالج کی عمارت مکمل کی جائے گی، اور اگلا کانووکیشن اسی کالج میں ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ اسکالرشپ فنڈز میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر آئیں۔ انہوں نے بتایا کہ 1500 نرسز کو بیرون ملک سے تربیت دلوائی گئی ہے جبکہ پشاور میں امراضِ قلب کے لیے الگ اسپتال قائم ہے۔ ان کے مطابق دل کے اسپتال اب ریجن اور ڈویژن کی سطح پر بھی قائم کیے جائیں گے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے کیونکہ تھوڑی سی غفلت بھی بڑا نقصان دے سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انڈوومنٹ فنڈ کو دوگنا کر دیا گیا ہے تاکہ اعلیٰ تعلیمی ادارے مالی طور پر مستحکم ہو سکیں۔

وزیراعلیٰ نے ایک انوکھے اور عملی قدم کا بھی اعلان کیا کہ آئندہ تختی صرف اسی وقت لگے گی جب منصوبہ مکمل ہوگا۔ ’’ایسا قانون لا رہے ہیں کہ جب کام مکمل ہوگا، تب ہی تختی لگے گی‘‘، انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا۔

یہ اقدامات خیبرپختونخوا حکومت کے تعلیمی ویژن کا حصہ ہیں جس کے تحت تعلیمی ڈھانچے کو مضبوط اور معیاری بنایا جا رہا ہے۔

Scroll to Top