پاکستان ریلوے نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر مسافروں کو خوشخبری سناتے ہوئے تمام ٹرینوں اور کلاسز کے کرایوں میں 20 فیصد رعایت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق یہ رعایت عید کے تینوں دن یعنی عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران دستیاب ہو گی، تاہم یہ سہولت صرف کرنٹ بکنگ پر لاگو ہو گی، جب کہ پیشگی ریزرویشن اور عید اسپیشل ٹرینز اس رعایت میں شامل نہیں ہوں گی۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ وزیراعظم پاکستان اور وزیر ریلوے کی خصوصی ہدایات پر کیا گیا ہے تاکہ عید کے موقع پر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ اس اقدام کا مقصد محدود بجٹ والے مسافروں کے لیے سفری سہولت بڑھانا اور ان کے لیے اپنے پیاروں تک پہنچنا آسان بنانا ہے۔
ریلوے کی جانب سے اس اعلان کو عوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے، خصوصاً ایسے افراد کے لیے جو مہنگائی کے دور میں بھی عید اپنوں کے ساتھ منانے کی خواہش رکھتے ہیں۔





