مالاکنڈ کے باٹا پہاڑی جنگل میں لگی آگ شدت اختیار کر گئی، چھ کلومیٹر رقبہ متاثر

مالاکنڈ : ضلع مالاکنڈ کی تحصیل بٹ خیلہ میں واقع باٹا پہاڑی جنگل میں گزشتہ دو روز سے لگی آگ مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔

بے قابو شعلوں نے اب تک تقریباً چھ کلومیٹر رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس کے نتیجے میں گھنا جنگل راکھ کا ڈھیر بنتا جا رہا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق آگ کی شدت میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب تیز ہواؤں نے شعلوں کو پھیلنے میں مدد دی۔ شعلے بلند ہوتے ہی سیکیورٹی کے لیے قائم ایف سی کا مورچہ احتیاطاً خالی کروا لیا گیا۔

آگ بجھانے کے لیے ایف سی، لیویز اور ریسکیو 1122 کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ چکے ہیں، تاہم مقامی حکام کے مطابق تیز ہواؤں اور دشوار گزار پہاڑی راستوں کی وجہ سے امدادی کارروائیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران پہاڑی سلسلے میں آگ کے دو درجن سے زائد واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، مگر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جنگلات اب تک جنگلات میں آتشزدگی کی روک تھام کے مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :   سوات: فضاگٹ پہاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، ریسکیو 1122 کی بھرپور کارروائیاں جاری

مقامی آبادی نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے اور قیمتی جنگلات کو تحفظ دیا جا سکے۔

Scroll to Top