عیدالاضحیٰ پر خیبرپختونخوا میں سیاحت کا رجحان عروج پر، پارکوں اور سیاحتی مقامات پر رش

پشاور :خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر سیاحت کا رجحان عروج پر پہنچ گیا ہے۔

قربانی کے فرائض سے فارغ ہونے کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد نے تفریحی مقامات کا رخ کیا ہے، جس کے باعث پارکوں، میلوں اور سیاحتی علاقوں میں غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔

چارسدہ، مردان، دیر، ورسک اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے دوستوں اور اہلِ خانہ کے ہمراہ خوشگوار موسم میں میلوں اور تفریحی سرگرمیوں کا بھرپور لطف اٹھایا۔ خواتین، بچے اور نوجوان بڑی تعداد میں موجود ہیں، جو جھولوں، کھانے پینے کے اسٹالز اور دیگر سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

سیاحتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ پاک افغان بارڈر کے قریب واقع شاہی کے علاقے میں بھی دیکھا گیا ہے، جہاں خوبصورت مناظر اور ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ سیاح قدرتی حسن سے محظوظ ہو رہے ہیں۔

عید منانے کے لیے بیرون ملک سے آنے والے پاکستانی بھی سیاحتی مقامات کی جانب راغب ہیں۔ انگلینڈ سے آئے ڈاکٹر عبدالسلام (رہائشی ورسک، لوئر دیر) اور کراچی میں مقیم کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر ذاکراللہ (رہائشی اوسکئی، لوئر دیر) نے اپنی عید خیبرپختونخوا کے دلکش مقامات پر منانے کو ترجیح دی۔

سوات، خاص طور پر کالام کی وادی میں سیاحوں کا رش بڑھتا جا رہا ہے۔ ٹھنڈی ہواؤں، خوبصورت مناظر اور بارش کی توقع نے اس علاقے کو سیاحوں کے لیے پرکشش بنا دیا ہے۔

اُشو فاریسٹ، مہوڈنڈ، کلی شیر، شاہی باغ اور چھوٹا مہوڈنڈ جیسے مقامات سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، جہاں ملک کے مختلف علاقوں سے آئے مہمان عید کی چھٹیاں قدرتی حسن کے سائے میں منا رہے ہیں۔

کالام ہوٹل ایسوسی ایشن کے مطابق سیاحوں کی سہولت کے لیے تمام ممکنہ انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ان کے قیام کو خوشگوار اور محفوظ بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر سیاحتی مقامات پر کیمپنگ پاڈز کھولنے کا فیصلہ

مجموعی طور پر خیبرپختونخوا میں عید کی چھٹیوں کے دوران سیاحتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، جو نہ صرف مقامی معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہے بلکہ قدرتی حسن کی جانب عوامی رجحان کو بھی ظاہر کرتا ہے۔

Scroll to Top