ایران نے شمالی اسرائیل پر درجنوں بیلسٹک میزائل داغے جن میں سے ایک میزائل شہر تمرہ میں ایک دو منزلہ مکان پر گرا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔
ایرانی حملے کے بعد ملک بھر میں خطرے کے سائرن بجا دیے گئے اور شہریوں کو پناہ گاہوں میں جانے کی ہدایت دی گئی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق سائرن صرف شمالی اسرائیل اور حیفہ کے علاقوں میں فعال ہوئے کیونکہ فضائی دفاعی نظام نے حملے کو روکنے کی کوشش کی۔
رات 11:45 بجے کے قریب حکام نے شہریوں کو پناہ گاہوں سے نکلنے کی اجازت دے دی تاہم مزید میزائل حملوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔
اس سے پہلے جمعہ کی شب اور ہفتہ کی صبح ایران کی جانب سے تین بڑے میزائل حملے کیے گئے تھے جن میں 80 افراد زخمی ہوئے۔
زخمی ہونے والوں میں سے تین افراد بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے، یہ اموات رمات گان اور ریشون لیزیون میں ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران نے اسرائیل پر 100 بیلسٹک اور ہائپرسونک میزائل داغ دیے
ریسکیو ادارے ماگن دیوید آدوم کے مطابق کئی افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جبکہ متعدد کو ذہنی صدمے کی شکایت ہے۔