حکومت نے ایران سے متعلق پاکستانی شہریوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی

حکومت نے ایران سے متعلق پاکستانی شہریوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی

حکومت پاکستان نے موجودہ علاقائی کشیدگی کے پیشِ نظر ایرانی سرزمین کا سفر کرنے سے پاکستانی شہریوں کو سختی سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے حالیہ حملوں کے بعد ایران میں سکیورٹی صورتحال نہایت حساس ہو چکی ہے، جس کے باعث پاکستانی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ایران کا غیر ضروری سفر فی الحال مؤخر کر دیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان اپنے شہریوں کی سلامتی کو اولین ترجیح دیتی ہے اور موجودہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ ایران میں موجود پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے تمام ضروری اقدامات اور انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی افواج نے ایران پر شدید فضائی اور میزائل حملے کیے تھے، جن میں اطلاعات کے مطابق 9 سائنسدانوں اور عسکری قیادت سمیت 80 سے زائد افراد شہید ہوئے۔ ان حملوں کے جواب میں ایران نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر 200 سے زائد بیلسٹک میزائل داغے، جن کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 90 سے زائد زخمی ہو گئے۔

حکومت پاکستان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایران سے متعلق کسی بھی قسم کے سفر سے قبل وزارتِ خارجہ یا قریبی پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ کریں اور تازہ ترین معلومات حاصل کریں۔

Scroll to Top