سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا سے کچھ افراد اسلام آباد آ رہے ہیں جنہیں مولانا فضل الرحمان کے مشورے سے جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کو مولانا فضل الرحمان جیسے رہنماؤں کی ضرورت ہے، اور وہ خود مولانا کے ساتھ کھڑے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل’’جیو نیوز‘‘ کے مطابق سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ جب ملک میں مشکل وقت آتا ہے تو اکثر لوگ رات کے اندھیرے میں مولانا کا دروازہ کھٹکھٹاتے ہیں۔ مولانا صاحب کا کردار نہ صرف سیاسی طور پر اہم ہے بلکہ ان کی بصیرت قومی سطح پر رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے ان کا تعلق بھائیوں جیسا ہے اور ان کی رہنمائی تمام پاکستانیوں کے لیے باعث افتخار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا ان کے استادوں میں سے ہیں اور وہ ہمیشہ ان سے سیکھتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان حال ہی میں سینیٹر فیصل واوڈا کی رہائش گاہ پر کراچی میں پہنچے تھے، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فیصل واوڈا نے مولانا فضل الرحمان کے سیاسی تجربے اور قومی معاملات میں ان کے کردار کو سراہا۔
سیاسی حلقے اس ملاقات کو موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں خاص اہمیت دے رہے ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب خیبر پختونخوا سے کچھ عناصر کی اسلام آباد آمد کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔





