بھارت میں ایک اور فضائی سانحہ، مسافر جہاز کے بعد ہیلی کاپٹر حادثہ،7 افراد جان کی بازی ہار گئے

بھارت میں ایک اور فضائی سانحہ، مسافر جہاز کے بعد ہیلی کاپٹر حادثہ،7 افراد جان کی بازی ہار گئے

بھارت میں فضائی سفر ایک بار پھر حادثے کا شکار ہو گیا، ریاست اتراکھنڈ کے شہر کیدرناتھ کے قریب ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر دہرہ دون سے کیدرناتھ کے لیے روانہ ہوا تھا، تاہم راستے میں خراب موسم کے باعث پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں تمام 7 افراد سوار تھے جن میں مسافر اور عملہ شامل تھا۔

حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ لاشوں کو ملبے سے نکالنے کے لیے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔ مقامی پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب بھارت میں فضائی حادثات کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں ایک مسافر طیارہ بھی فنی خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کا شکار ہو چکا ہے، جس کے بعد یہ ہیلی کاپٹر حادثہ مزید تشویش کا باعث بن رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں فضائی سفر کے دوران موسمی حالات کا اچانک بگڑ جانا ایک بڑا خطرہ ہوتا ہے اور اس پر قابو پانے کے لیے مزید احتیاطی اقدامات کی ضرورت ہے۔بھارتی حکومت نے حادثے کی تحقیقات کا اعلان کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

Scroll to Top