ایران کے صدر مسعود پزیشکیان نے پارلیمنٹ میں اپنے خطاب میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید احتجاج کیا اور حمایت پر برادر مسلم ملک پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ایرانی سفارت خانے کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ارکان اپرلیمنٹ پاکستان تشکر تشکر کے نعرے لگا رہے ہیں۔
یہ موقع تب آیا جب ایرانی صدر نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کی جانب سے اس کڑے وقت میں حمایت کے اظہار پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
ایرانی پارلیمنٹ چند سیکنڈوں تک پاکستان تشکر تشکر کے نعروں سے گونجتی رہی۔ ارکان پارلیمنٹ نے تالیاں اور ڈیسک بجا کر بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
اجلاس کے دوران پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اسرائیل کے شہریوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایرانی قوم سے دشمن کے خلاف اتحاد کی اپیل کی۔
ارکان نے اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فوجی کمانڈرز، اہلکاروں اور جوہری سائنسدانوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں:ایران سے 160 پاکستانیوں کو تفتان کے راستے پاکستان پہنچا دیا گیا
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیلی حملوں پر ایرانی صدر مسعود پزیشکیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔





