نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے ملک بھر میں قائم تمام 74 ٹول پلازوں کی کھلی نیلامی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں نیلامی 19 جون کو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی، جس میں بولی دہندگان کی براہِ راست موجودگی یقینی بنائی جائے گی۔
نجی ٹی وی چینل (سماء) کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے نیلامی کے عمل کو مکمل طور پر شفاف اور منصفانہ بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’اوپن آکشن‘‘کا یہ پہلا تجربہ این ایچ اے کے ریونیو میں اضافے کے لیے ایک مثبت قدم ہے، جس کا براہِ راست فائدہ ادارے اور حکومتی خزانے کو پہنچے گا۔
وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ نیلامی کے موقع پر جناح کنونشن سینٹر میں بینک کاؤنٹرز سمیت تمام سہولیات فراہم کی جائیں، تاکہ بولی دہندگان کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ٹول پلازوں کی نیلامی کے حوالے سے میڈیا میں اشتہارات بھی جاری کیے جا چکے ہیں اور اس اقدام کا مقصد این ایچ اے میں اصلاحات لانا اور ادارے کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقابلے کی فضا سے نہ صرف شفافیت کو فروغ ملے گا بلکہ ادارہ جاتی بہتری کے نئے دروازے بھی کھلیں گے۔





