ڈاکٹرز کونسل خیبر پختونخوا کا احتجاجی مظاہرہ،پروفیشنل ٹیکس مسترد کردیا

پشاور:ڈاکٹرز کونسل خیبر پختونخوا کی جانب سے ہیلتھ سیکرٹریٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں ڈاکٹروں نے شرکت کی۔
مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے مطالبات پیش کیے۔

ڈاکٹرز کونسل خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فضل منان نے پختون ڈیجیٹل کو بتایا کہ ڈاکٹرز کمیونٹی پر لگایا گیا پروفیشنل ٹیکس ناقابل قبول ہے ہم اسے مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے ڈاکٹروں کو مسلسل نوٹسز جاری کیے جا رہے ہیں اور ان سے غیر قانونی ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے جو کہ سراسر ظلم ہے۔

ڈاکٹر فضل منان نے انکشاف کیا کہ خیبر پختونخوا میں آٹھ ہزار سے زائد ڈاکٹرز بے روزگار ہیں جبکہ سرکاری سطح پر ان کے لیے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جا رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کئی سالوں سے ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا گیا اور انہیں پروموشنز سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔

جنرل سیکرٹری ڈاکٹرز کونسل نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بے روزگار ڈاکٹروں کو پبلک سروس کمیشن کے ذریعے روزگار فراہم کیا جائے۔

انہوں نے ایم ٹی آئی اسپتالوں میں ہونے والی مبینہ کرپشن پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں :ضلع کرم میں پٹرول کا بحران، قیمت 300 روپے فی لیٹر تک جا پہنچی

ڈاکٹر فضل منان کا کہنا تھا کہ جب تک مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے احتجاجی دھرنا ہیلتھ سیکرٹریٹ کے باہر جاری رہے گا۔

Scroll to Top