پشاور: سیف سٹی عملے کی بھرتی کے لیے ای ٹی ای اے کو ذمہ داری سونپ دی گئی

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے سیف سٹی پراجیکٹ پشاور کی تکمیل کے لیے ٹیکنیکل اور آئی ٹی اسٹاف کی بھرتی کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے لیے ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلوایشن ایجنسی (ETEA) کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط ہو گئے ہیں۔ اس سلسلے میں سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ایک باقاعدہ تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی پی اول خان، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز رضوان منظور، پرنسپل اسٹاف آفیسر برائے آئی جی عمران خان، ڈائریکٹر آئی ٹی نوید گل، اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شہزادہ کوکب فاروق نے شرکت کی۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط ڈی آئی جی رائے اعجاز احمد اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایٹا عادل سعید صافی نے کیے۔

سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت پشاور میں جدید سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز اور ایمرجنسی ریسپانس سسٹمز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ ان نظاموں کی مؤثر فعالیت کے لیے ٹیکنیکل اور آئی ٹی اسٹاف کی بھرتی ناگزیر قرار دی گئی ہے۔

معاہدے کے تحت ای ٹی ای اے تحریری امتحانات، ٹیکنیکل ٹیسٹ اور انٹرویوز کے ذریعے اہل امیدواروں کا انتخاب کرے گا۔ بھرتی کا عمل شفاف اور میرٹ پر مبنی ہوگا، جبکہ منتخب افراد کو سیکیورٹی سسٹمز، ڈیجیٹل کمیونیکیشن، ڈیٹا پروٹیکشن اور جدید ٹیکنالوجیز پر تربیت دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : ڈاکٹرز کونسل خیبر پختونخوا کا احتجاجی مظاہرہ،پروفیشنل ٹیکس مسترد کردیا

سیف سٹی پراجیکٹ میں عوامی اعتماد کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے، اسی لیے کمیونٹی انگیجمنٹ ماڈیول کو بھی منصوبے کا حصہ بنایا گیا ہے تاکہ شہری براہ راست سیکیورٹی نظام سے جُڑ سکیں۔

یہ منصوبہ نہ صرف جرائم کی روک تھام میں مددگار ہوگا بلکہ پشاور کو محفوظ اور جدید شہر بنانے کی جانب ایک اہم قدم بھی ثابت ہوگا۔

Scroll to Top