مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ قوم کا اصل ہیرو بانی پاکستان تحریک انصاف ہے، جس نے نہ صرف بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کیا بلکہ عوام کے دلوں میں ایک ناقابل تبدیل مقام حاصل کیا۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ 8 فروری کے عام انتخابات میں قوم نے اپنا فیصلہ سنا دیا اور نواز شریف کو واضح طور پر مسترد کیا۔ ایسے لوگ جو عوامی ووٹ سے منتخب ہی نہیں ہوئے، وہ عوامی منصوبوں کو اپنے نام سے کیسے منسوب کر سکتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ عوامی منصوبوں پر ذاتی نام چسپاں کرنا نہ صرف عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے بلکہ جمہوری اصولوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف وہی شخص منصوبوں کا کریڈٹ لے سکتا ہے جس نے واقعی عوام کی خدمت کی ہو اور ان کے ووٹ سے منتخب ہو کر آیا ہو۔
بیرسٹر محمد علی سیف نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی قیادت، وژن اور دیانت داری سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، اور پوری قوم انہیں ہی اپنا اصل رہنما تسلیم کرتی ہے۔





