خیبرپختونخوا کابینہ نے میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن (ایم ٹی آئی) اپیلیٹ ٹریبونل کے دو ممبران کو باہمی تنازع اور غیر مناسب رویے کے باعث ان کے عہدوں سے ہٹانے کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ ایم ٹی آئی اپیلیٹ ٹریبونل کے چیئرمین جسٹس (ر) عبدالشکور کی سفارش پر کیا گیا، جنہوں نے دونوں ممبران کے درمیان پیدا ہونے والے جھگڑے اور نازیبا زبان کے استعمال پر کارروائی کی تجویز دی تھی۔
دوران سماعت نازیبا الفاظ کا استعمال
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریبونل کے ممبران طارق منصور اور عبدالغفور قریشی کے درمیان ایک کیس کی سماعت کے دوران شدید تلخ کلامی ہوئی، جس کے دوران غیر پارلیمانی زبان کا استعمال بھی کیا گیا۔ اس واقعے کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی، جس پر چیئرمین نے فوری کارروائی کی تجویز دی۔
استعفیٰ اور وضاحت
ذرائع کے مطابق طارق منصور نے واقعے کے بعد اپنا استعفیٰ سیکریٹری صحت کو بھیج دیا، جس کی محکمہ صحت نے باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ دوسری جانب، دونوں ممبران کو وزیر بلدیات اور وزیر قانون کے سامنے وضاحت کے لیے بھی طلب کیا گیا ہے۔
کابینہ کا باضابطہ فیصلہ
کابینہ کے فیصلے سے دونوں ممبران کو باقاعدہ طور پر مطلع کر دیا گیا ہے، اور ان کے عہدے سے ہٹائے جانے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ محکمہ صحت نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کابینہ کے فیصلے کے تحت منصور طارق کو ان کے عہدے سے ہٹائے جانے سے متعلق باضابطہ طور پر آگاہ کیا جا چکا ہے۔





