ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں پر پاکستان کا ردعمل آگیا

پاکستان نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملے نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں بلکہ خطے میں کشیدگی کو خطرناک حد تک بڑھانے کا موجب بن رہے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکی حملے درحقیقت اسرائیلی جارحیت کے تسلسل کا حصہ ہیں، جن سے خطے میں امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

ایران کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے
ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، اور حالیہ حملوں کے نتیجے میں خطے میں کشیدگی اور تشدد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
’’ایسے اقدامات نہ صرف علاقائی امن کو نقصان پہنچا رہے ہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی عدم استحکام پیدا کر رہے ہیں۔‘‘

بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر شدید تشویش
پاکستان نے بین الاقوامی برادری کو متنبہ کیا کہ مزید کشیدگی پورے خطے اور دنیا پر سنگین اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ:
’’تنازع کا فوری خاتمہ اور بین الاقوامی قوانین و انسانی ہمدردی کے اصولوں کی پاسداری ہر فریق پر لازم ہے۔‘‘

مذاکرات اور سفارتکاری ہی واحد راستہ
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے تمام فریقین کو بین الاقوامی قانون کے دائرے میں رہ کر معاملات کو حل کرنا چاہیے۔ پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ:
’’مذاکرات اور سفارتکاری ہی تمام تنازعات کے حل کا واحد مؤثر اور پائیدار ذریعہ ہیں۔‘‘

پاکستان کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ کی صورتحال مزید کشیدہ ہو چکی ہے اور عالمی برادری پر کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔

Scroll to Top