خیبر پختونخوا کے بجٹ سے متعلق پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب

پی ٹی آئی کی پولیٹیکل کمیٹی نے خیبرپختونخوا بجٹ کی منظوری کی توثیق کر دی

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کی پولیٹیکل کمیٹی نے خیبرپختونخوا کے بجٹ کی منظوری کے فیصلے کی باقاعدہ توثیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ کی منظوری سے موجودہ وفاقی حکومت کی خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کے خلاف سازشیں ناکام بنائی جائیں گی۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ چیئرمین عمران خان کی جانب سے بجٹ اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے مستقبل کے حوالے سے دی گئی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبائی پارلیمانی پارٹی کی تجویز پر بجٹ کو مشروط طور پر اور عمران خان کے وژن کے عین مطابق منظور کیا جائے گا۔

اعلامیے میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ دینے کو بدنیتی پر مبنی قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ اس اقدام کے پیچھے چھپے سیاسی مقاصد ہیں۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے اراکین عمران خان کے وژن سے مکمل طور پر وفادار ہیں اور وہ وفاقی حکومت کی تیار کردہ کسی بھی سازش کا شکار نہیں ہوں گے۔

اعلامیہ میں خبردار کیا گیا کہ اگر بجٹ اسمبلی سے منظور نہ ہوا تو صوبے میں مالی بحران جنم لے سکتا ہے، جس کے نتیجے میں اسپتالوں، اسکولوں اور دیگر ضروری شعبوں کے اخراجات منجمد ہو جائیں گے۔ کمیٹی نے خدشہ ظاہر کیا کہ بروقت بجٹ کی منظوری نہ ہونے کی صورت میں وفاقی حکومت مالی ایمرجنسی کے نفاذ کی آڑ میں خیبرپختونخوا اسمبلی کو تحلیل کرنے کی کوشش کرے گی۔

مزید کہا گیا کہ اگرچہ بجٹ عارضی طور پر منظور کیا جا رہا ہے، تاہم عمران خان کی جانب سے کسی بھی مرحلے پر دی جانے والی ہدایات کی روشنی میں اس میں ترمیم ممکن ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کا خیبرپختونخوا حکومت بچانے کے لیے بجٹ منظور کرانے کا فیصلہ

کمیٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت اور اسمبلی، چیئرمین کی جانب سے دی جانے والی کسی بھی ہدایت پر عمل کرنے کی پوزیشن میں ہوں گی اور بجٹ کی منظوری کے بعد بھی عمران خان کے حکم کو مکمل طور پر تسلیم کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق بجٹ بروقت منظور کر لیا جائے گا اور آئندہ لائحہ عمل کے لیے چیئرمین عمران خان سے رہنمائی لی جائے گی تاکہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت مضبوطی سے قائم رہ سکے۔

Scroll to Top