وزیراعظم نے آج قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں ملک کی علاقائی اور داخلی سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی اور تنازعے پر خاص توجہ دی جائے گی، اور ایران کی حمایت سمیت دیگر اہم معاملات پر بڑے فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔
اجلاس دوپہر 12 بجے وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوگا، جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سمیت دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام شرکت کریں گے۔
علاوہ ازیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اپنے حالیہ دورہ امریکہ کے تجربات اور اعتماد میں حاصل معلومات بھی شرکا کے ساتھ شیئر کریں گے۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملکی داخلی سلامتی اور سرحدی سکیورٹی کی موجودہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا تاکہ ملک کو درپیش خطرات کا مؤثر تدارک کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ امریکہ نے اتوار کی صبح ایران میں تین نیوکلیئر تنصیبات پر براہ راست فضائی حملے کیے ہیں، جس کے بعد واشنگٹن پہلی بار براہ راست اسرائیل اور ایران کے جاری تنازعے میں شامل ہو گیا ہے۔ اس پس منظر میں قومی سلامتی کمیٹی کا یہ اجلاس خاص اہمیت کا حامل ہے۔





