وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی سفیر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، خطے میں امن و استحکام پر اتفاق

اسلام آباد : وزیراعظم پاکستان اور سعودی عرب کے سفیر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، بالخصوص قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم نے اس حملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ عالمی امن کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ کشیدگی کم کرنے اور امن کی بحالی کے لیے تمام فریقین کو بردباری اور مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ مل کر خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب، امارات اور بحرین کی قطر پر ایرانی حملے کی شدید مذمت

سعودی سفیر نے فوری رابطہ کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کو مشرق وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنا ہوگا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

Scroll to Top