ریاض/ابوظہبی:ایران کی جانب سے قطر میں العدید ایئر بیس پر بیلسٹک میزائل حملے کے بعد خلیجی ممالک نے شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے اس اقدام کی بھرپور مذمت کی ہے۔
سعودی عرب نے ایرانی حملے کو قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف صریح جارحیت قرار دیا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ کے مطابق ایران کا اقدام بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔
متحدہ عرب امارات نے بھی ایران کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ اماراتی وزارت خارجہ کے مطابق ایرانی میزائل حملہ نہ صرف قطر کی فضائی حدود کی خلاف ورزی ہے بلکہ خطے میں امن و سلامتی کو بھی خطرے میں ڈالنے کی کوشش ہے۔
بیان میں قطر کے شہریوں اور رہائشیوں کے تحفظ کے لیے پختہ عزم کا اعادہ کیا گیا اور فوجی کشیدگی کے فوری خاتمے پر زور دیا گیا۔
دوسری جانب بحرین نے بھی ایران کی جانب سے العدید ایئر بیس پر حملے کو قابل مذمت قرار دیا ہے اور قطر کے ساتھ مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران نے قطر کے بعد شام اور عراق میں امریکی ائیر اڈوں پر میزائل داغ دیئے، غیر ملکی میڈیا
واضح رہے کہ ایران نے قطر کی جانب چھ سے زائد بیلسٹک میزائل داغے، جن میں سے ایک کو قطر کے فضائی دفاعی نظام نے امریکی العدید ایئر بیس کی جانب فائر کیے جانے پر فضا میں ہی تباہ کر دیا۔





