پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سردار حسین بابک نے خیبر پختونخوا حکومت کی 12 سالہ کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ہر شعبے میں ناکام نظر آتی ہے، گورننس میں بدانتظامی، کرپشن اور مالی بحران نے عوام کو مایوس کر دیا ہے۔
پختون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سردار حسین بابک نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت ٹھیکیداروں کی مقروض ہے، ہر محکمہ کرپشن کی لپیٹ میں ہے، نوکریاں فروخت ہو رہی ہیں، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے، پہاڑوں میں آگ لگی ہوئی ہے اور عوام اپنی مدد آپ کے تحت نظام چلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوات جیسے سانحات پہلی بار نہیں ہوئے، یہ علاقے پہلے سے حساس قرار دیے جا چکے ہیں، حکومت کو بروقت حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے ریسکیو ٹیمیں اور تیراک تعینات کرنے چاہئیں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ الرٹ جاری کرنا کافی نہیں، عملی اقدامات اور مؤثر تیاری ضروری تھی۔
سردار حسین بابک نے واضح کیا کہ این ڈی ایم اے یا کسی اور وفاقی ادارے پر ذمہ داری ڈال کر صوبائی حکومت اپنی ناکامی سے بری الذمہ نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے سانحات کے بعد محض بیانات کافی نہیں بلکہ حکومت کو اخلاقی جرأت دکھاتے ہوئے مستعفی ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ نے شام پر عائد پابندیاں ختم کرنے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے
انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام بارہا حکومت کی نااہلی کا بوجھ اٹھا چکے ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ صوبے میں شفاف اور جوابدہ حکمرانی کو یقینی بنایا جائے۔





