اسلام آباد: مالی سال 2024-2025 کے دوران پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی مقامی فروخت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
جولائی 2024 سے جون 2025 تک ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی فروخت 16.32 ملین ٹن رہی، جو گزشتہ مالی سال 2023-2024 کے 15.28 ملین ٹن کے مقابلے میں 6.81 فیصد یا 1.04 ملین ٹن زیادہ ہے۔
آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ مالی سال کے دوران پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا جبکہ فرنس آئل کی فروخت میں کمی واقع ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024-2025 میں پٹرول کی فروخت 7.6 ملین ٹن، ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت 6.89 ملین ٹن جبکہ فرنس آئل کی فروخت صرف 0.81 ملین ٹن رہی۔
قومی سطح پر پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت میں پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) کا حصہ سب سے زیادہ رہا، جو بالترتیب 43.3 فیصد اور 43.9 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب اٹک پٹرولیم لمیٹڈ کا شیئر پٹرول میں 8.31 فیصد جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل میں 7.85 فیصد رہا۔





