پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کا محرم کے بعد احتجاجی تحریک دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کا محرم کے بعد احتجاجی تحریک دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا نے محرم الحرام کے احترام میں دی گئی وقتی مہلت کے بعد اپنی احتجاجی تحریک دوبارہ شروع کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی کے صوبائی صدر جنید اکبر نے ایک اہم ویڈیو پیغام میں اس فیصلے سے آگاہ کیا۔

نجی ٹی وی چینل (آج)کے مطابق جنید اکبر کا کہنا تھا کہ دس محرم الحرام کے بعد تحریک انصاف اپنی احتجاجی مہم کا ازسرنو آغاز کرے گی، اور اس بار مظاہروں میں شدت اور وسعت لائی جائے گی۔ ان کے مطابق احتجاج صوبے کے ہر حلقے میں منظم انداز سے کیا جائے گا، جس میں صوبائی حکومت بھی مکمل طور پر شریک ہو گی۔

صوبائی صدر نے کارکنان کو ہدایت دی کہ وہ احتجاجی تحریک کی تیاریوں کا آغاز کریں اور محرم الحرام کے بعد بھرپور شرکت کے لیے تیار رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تحریک عوامی حقوق اور انصاف کے حصول کے لیے جاری رکھی جائے گی۔

پی ٹی آئی قیادت کا یہ مؤقف ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب پارٹی سیاسی سرگرمیوں میں ایک مرتبہ پھر سے متحرک ہونے جا رہی ہے، اور محرم کے بعد ایک نیا سیاسی منظرنامہ تشکیل پا سکتا ہے۔

Scroll to Top