سانحہ سوات کے وقت ائیر ایمبولنس پولوفیسٹول میں وزرا کے اہلخانہ کیلئے استعمال کی گئی، گورنر خیبرپختونخوا

سانحہ سوات کے وقت ائیر ایمبولنس پولوفیسٹول میں وزرا کے اہلخانہ کیلئے استعمال کی گئی، گورنر خیبرپختونخوا

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سانحہ سوات سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایئر ایمبولینس، جو عوامی فلاح کے لیے بنائی گئی تھی، افسوسناک طور پر سوات کے واقعے کے وقت دستیاب نہیں تھی کیونکہ اُسے شندور پولو فیسٹیول میں وزراء کے اہلخانہ کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ’’یہ افسوس کا مقام ہے کہ سوات میں سیاحوں کو بچانے کے لیے کوئی ایئر ایمبولینس موجود نہ تھی۔ اگر صوبائی حکومت اس حد تک نااہل تھی تو کم از کم ایئر فورس یا نیوی سے مدد طلب کر لیتی۔‘‘

نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس )کے مطابق انہوں نے سوال اٹھایا کہ ’’ریسکیو 1122 کے پاس کیا غوطہ خور موجود نہیں تھے؟ عوام کو بے یار و مددگار چھوڑ دینا کسی بھی حکومت کے لیے ایک سنگین ناکامی ہے۔‘‘

فیصل کریم کنڈی نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف 13 برس سے خیبرپختونخوا میں برسراقتدار ہے، اور اب تجاوزات کے خلاف مہم کے نام پر سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جن سرکاری یا سیاسی شخصیات نے پیسے لے کر تجاوزات کی اجازت دی، پہلے ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا’’اگر واقعی تجاوزات کے خلاف سنجیدہ آپریشن کرنا ہے تو پہلے صوبائی حکومت کے اپنے لوگوں کی تجاوزات گرائی جائیں۔‘‘

Scroll to Top